مالدہ،4؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بی ایس ایف کی 24نمبر بٹالین نے مالدہ میں بھارت بنگلہ دیش سرحد کے قریب دیر رات 4.98لاکھ روپے کے نقلی نوٹ ضبط کیے ہیں۔بی ایس ایف ذرائع کے مطابق، ہفتہ دیر رات مالدہ میں بنگلہ دیش سرحدپرلگے خاردارکے اس پار سے جعلی کرنسی سے بھرا ایک پیکٹ ہندوستانی سرحدمیں پھینکاگیا۔اس پیکٹ کولینے کے لئے ہندوستانی سرحدمیں پہلے سے اسمگلرموجودتھا۔پیکٹ پھینکنے کے بعد ہندوستانی سرحد میں موجود اسمگلر اسے لینے آگے بڑھا، اتنے میں بی ایس ایف جوانوں نے اسے پکڑنے کی کارروائی شروع کر دی۔بی ایس ایف جوانوں کو اپنی طرف آتا دیکھ اسمگلر وہاں سے بھاگ نکلا۔رات کے اندھیرے اور سرحد کے قریب کیچڑ ہونے کی وجہ سے اسے پکڑا نہیں جا سکا۔بی ایس ایف حکام نے بتایاکہ پیکٹ میں2000روپے کی249جعلی کرنسی تھی۔بی ایس ایف کی جانب سے ضبط نوٹوں کوکالیاچک تھانے کے حوالے کردیاگیاہے۔